سٹی42: مشرقی پنجاب کے سکول سرد موسم کے باوجود 8 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔
شمالی ہندوستان میں سرد موسم کی وجہ سے بعض ریاستوں میں اسکولوں کی تعطیلات میں چند روز توسیع کردی گئی ہے، ان ریاستوں میں سکولوں کو آج تک بند رہنا تھا۔ تاہم، موسم کے مزید جائزے اسکول کی تعطیلات میں توسیع کا باعث بن سکتے ہیں۔
نئی دہلی سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے شمالی حصے میں اس وقت سردی پڑ رہی ہے، محکمہ موسمیات نے کئی علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سرد موسم کے سبب کئی ریاستوں نے طلباء کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کی چھٹیاں بڑھا دی ہیں۔ گرتے ہوئے درجہ حرارت اور بارش نے کئی علاقوں میں روزمرہ کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔
مشرقی پنجاب کی حکومت نے پہلے تعطیلات میں توسیع کی تھی اور اب توسیع شدہ تاریخ کے مطابق سکول کل 8 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔ تاہم کہا جا رہا ہے کہ اگر سردی بڑھی تو آنے والے دنوں میں اسکولوں کی چھٹیاں دوبارہ ہو سکتی ہیں۔
ابتدا میں مشرقی پنجاب کی حکومت نے پنجاب کے اسکولوں کے لیے روایتی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا اور 24 دسمبر سے 31 دسمبر 2024 کے درمیان موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، بعد میں سرد موسم کے حالات کو دیکھتے ہوئے، ریاست میں سکولوں کی موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور چھٹیاں 8 جنوری تک بڑھا دیں۔
سکولوں کی تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے پنجاب کے وزیر تعلیم، ہرجوت سنگھ بینس نے پنجاب میں 7 جنوری تک سکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ تمام سکول 8 جنوری کو کھلیں گے۔
مشرقی پنجاب کے برعکس پاکستان کے پنجاب کی حکومت نے ابتدا ہی میں چھٹیاں 10 جنوری تک دیں۔ ان چھٹیوں میں اب تک کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔ پاکستان کے پنجاب میں بھی روایتی سردیوں کی چھٹیاں 31 دسمبر تک رہتی ہیں لیکن اس سال حکومت کو وہم تھا کہ سردی زیادہ پڑے گی۔ دسمبر اور جنوری کے پہلے ہفتہ کے ٹمپریچر تاہم گزشتہ سال کے انہی دنوں کے ٹمپریچرز سے بہتر یعنی نسبتاً گرم پائے گئے ہیں۔ اس کے باوجود بعض حلقے چھٹیوں مین اضافہ کی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
بھارت کی بعض دوسری ریاستوں میں سکول کی چھٹیاں
بھارت کی تین ریاستوں کے مشترک دارالحکومت چندی گڑھ کے سکولوں میں 11 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔ جب کہ ہریانہ میں آٹھویں جماعت تک کے سکولوں میں 14 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔