ویب ڈیسک:جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں کی شکست کے باجود پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا میں منفرد ریکارڈ بناڈالا۔
پروٹیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 478 رنز کا مجموعہ بورڈ پر لگایا، جس میں کپتان شان مسعود کے 145 اور بابراعظم کے 81 رنز شامل تھے۔
جنوبی افریقا میں 136 برس کے طویل کے عرصے بعد کسی ٹیم نے 400 رنز کا ہندسہ عبور کیا، یہ بھی پہلی بار ہوا ہے کہ کسی مہمان ٹیم نے پروٹیز کیخلاف فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 400 سے زائد رنز بورڈ پر لگائے ہوں۔
اس سے قبل 122 سال قبل 1902 میں آسٹریلیا نے جوہانسبرگ میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 372/7 رنز بنائے تھے،جنوبی افریقا میں فالو آن کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ میزبان ملک کے پاس ہے، جس نے 1999 میں ڈربن میں انگلینڈ کے خلاف 572 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، جس کے جواب میں قومی ٹیم محض 194 رنز بناکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی، بعدازاں دوسری اننگز میں گرین شرٹس نے کپتان شان مسعود کے 145 اور بابراعظم کے 81 کی مدد سے 478 رنز بورڈ پر لگائے تھے۔
قومی ٹیم نے 57 رنز کی برتری حاصل کی تھی، پروٹیز نے 58 رنز کا ہدف محض 7.1 اوورز حاصل کرلیا۔
سیریز میں فتح کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کیلئے جنوبی افریقا کے فائنل کھیلنے کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ وہ 2023-25 سائیکل میں ٹاپ پوزیشن پر قابض رہے گا۔