ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار ہریتھک روشن نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’ وار‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ ڈپریشن کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے انہیں یوں محسوس ہوتا کہ وہ مر جائیں گے اور اگلے دن اُٹھ نہیں پائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریتھک روشن نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی کیفیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم وار کی شوٹنگ کے دوران وہ اچھا محسوس نہیں کررہے تھے، انہیں یوں محسوس ہوتا تھا کہ وہ شوٹنگ کے دوران مر جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریتھک روشن نے بتایا کہ وہ کس طرح اپنے آپ کو شوٹنگ کے لئے زبردستی تیار کرتے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں اس وقت فلم میں پرفیکشن حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا جس کے لیے میں اس وقت تیار ہی نہیں تھا۔ ابتداً مجھے لگا کہ میں ایسا اپنی عمر کی وجہ سے محسوس کر رہا ہوں کہ جیسے میں مر رہا ہوں۔انہوں نے بتایا کہ وہ کبھی کبھار جب گھر آتے اور سوتے تھے تو یوں لگتا تھا کہ صبح نہیں اٹھ پائیں گے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اس وقت اُس فلم کے لیے تیار نہیں تھے ، وہ فلم ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھی۔ہریتھک کے مطابق فلم کے لیے انہیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا تھا لیکن کوئی چیز انہیں اندر سے کھائی جارہی تھی۔واضح رہے کہ ایکشن فلم ’ وار‘ کو 2019 میں ریلیز کیا گیا اور یہ ہریتھک روشن کے کیریئر کی سب سے زیادہ بزنس دینے والی فلم ثابت ہوئی تھی، جس میں ان کے ساتھ ٹائیگر شروف اور وانی کپور نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے ۔
ہریتھک روشن اب دیپیکا پڈوکون اور انیل کپور کے ساتھ فلم “فائٹر” میں نظر آئیں گے جو جنوری 2024 میں ریلیز کی جائے گی۔