(فہد علی)نشتر کالونی میں تین ملزمان نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ، ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے۔
تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقے میں تین ملزمان نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ۔ شہریار نامی ملزم نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دیکر اپنے پاس بلایا ۔ملزم شہریار اپنے ساتھی شہباز اور انیس کے ساتھ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرتا رہا ،متاثرہ لڑکی نے اندراج مقدمہ کے لیے نشتر تھانے میں درخواست جمع کروا دی ہے ۔
ڈی آئی جی آپریشنز میجر عابد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔
واضح رہے کہ معاشرے میں جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے سے معصوم لڑکیاں عدم تحفظ کا شکار ہو رہی ہیں۔ چند ہی روز قبل بھی لاہور کے علاقہ شمالی چھاؤنی میں خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی واقعہ پیش آیا تھا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون لاری اڈہ جانے کے لئےرکشہ میں بیٹھی، رکشہ ڈرائیور اعجاز خاتون کو اپنے کزن ساجد کے گھر لے گیا تھا،ملزم اعجاز اور ساجد اپنے 4 ساتھیوں کی موجودگی میں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد خاتون کو سڑک پر چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔