اکمل سومرو: لاہور نالج پارک ختم کرنے کی منصوبہ بندی، لاہور نالج پارک کو سپیشل ٹیکنالوجی زون میں ضم کیا جائے گا، نالج پارک کے لیے مختص 800 ایکٹر اراضی کی از سر نو حد بندی ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور نالج پارک کو سپیشل ٹیکنالوجی زون میں ضم کر کے وفاق کے ماتحت کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ سٹی فورٹی ٹو کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت لاہور نالج پارک کو سپیشل ٹیکنالوجی زون میں ضم کرنے کے لیے وفاقی قوانین اپنائے گی۔
لاہور نالج پارک ضم ہونے کے بعد سپیشل ٹیکنالوجی زون کا سربراہ وفاقی حکومت تعینات کرے گی۔ لاہور نالج پارک کے لیے مختص زمین کی از سر نو حد بندی کی جائے گی۔ وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت 25 نومبر کو منعقدہ اجلاس میں لاہور نالج پارک کو ضم کرنے کی ہدایت جاری کی گئیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور نالج پارک ڈاکٹر کامران شمس نے بریفنگ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ارسال کر دی۔ لاہور نالج پارک کے لیے 2013ء میں 800 ایکڑز اراضی مختص کی گئی تھی۔ لاہور نالج پارک کنسٹرکشن پیکج ون کے تحت 75 کروڑ 10 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور نالج پارک میں سات سال قبل سات غیر ملکی یونیورسٹیز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سات برسوں میں لاہور نالج پارک میں صرف باؤنڈری وال اور سیکیورٹی روڈز کی تعمیر مکمل ہو سکی ہے۔