(سٹی 42)دسمبر کے دوران برآمدات بڑھنے کے باوجود درآمدات میں زیادہ اضافے کے باعث تجارتی خسارے میں بھی اضافہ ہو گیا، برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ درآمدات 25.6 فیصد بڑھ گئیں۔
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق دسمبر کے دوران اشیا کی بیرونی تجارت میں پاکستان کو 2 ارب 68 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا جو گزشتہ دسمبر سے 65 کروڑ ڈالر زیادہ ہے، دسمبر کی برآمدات کا حجم دو ارب 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالر زیادہ ہے لیکن اس دوران درآمدی بل 1 ارب 2 کروڑ ڈالر کے اضافے سے 5 ارب 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔
مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر بھی پاکستان کو 12 ارب 42 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 6.4 فیصد زیادہ ہے، چھ ماہ کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 12 ارب 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 4.9 فیصد زیادہ ہےجبکہ درآمدات پر 24 ارب 52 کروڑ 10 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے جو پہلے سے 5.7 فیصد زیادہ ہیں۔