نبیل ملک: محکمہ سوشل ویلفیئر اور یونیسف کے اشتراک سے برتھ رجسٹریشن، کم عمری کی شادی اور تحفظ اطفال کے موضوع پر میڈیا آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پرنسپل سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ حافظ محمد اکرم نے حقوق اطفال اور متعلقہ قوانین پر لیکچر دیا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق کھارا نے اندراج پیدائش بالخصوص آن لائن رجسٹریشن پر بریفنگ دی۔
حافظ اکرم نے کہا کہ تحفظ حقوق اطفال یقینی بنائے بغیر معاشرتی اہداف کا حصول ممکن نہیں، اندراج پیدائش بہت اہم ہے لیکن بدقسمتی سے اسے کافی نظرانداز کیا گیا، حکومتی اقدامات کے پیش نظر اس معاملے میں کافی بہتری آئی ہے اس وقت پنجاب میں شرح اندراج پیدائش 75 فیصد ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق کھارا نے کہا کہ پیدائش کے اندراج کے لئے یونیسف کے تعاون سے مہم چلائی جا رہی ہے، محکمہ لوکل گورنمنٹ کی بلدیہ ایپ سے آن لائن رجسٹریشن بھی ممکن ہے، پیدائش، شادی، طلاق اور موت کی رجسٹریشن اپنے موبائل فون سے مفت کی جا سکتی ہے۔
اب تک بلدیہ ایپ کے ذریعے 2 لاکھ 64 ہزار بچوں کی پیدائش کا اندراج ہوچکا ہے۔