عمر اسلم : ہزارہ برادری کی داد رسی کیلئے مریم نواز کوئٹہ پہنچ گئیں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قوم کی مائیں بیٹیاں آپ کے انتظار میں بیٹھی ہیں، ہزارہ برادری سے ساتھ یہ ظلم بہت عرصے سے ہورہا ہے، لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں سڑک پررکھ کر بیٹھے ہیں، یہ بہت ہی افسوسناک اور دل ہلادینے والا واقعہ ہے-
کوئٹہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے دکھوں اور زخموں کا مداوا نہیں ہوسکتا، ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے،ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مجھے افسوس ہے آپ کو قوم کا احساس نہیں، مجھے بھی سیکیورٹی کلیئرنس نہیں مل رہی تھی،آپ مشیروں اور وزیروں کو بھیج رہے ہیں۔نواز شریف کے کہنے پر جارہی ہوں، نواز شریف کا پیغام لے کر جارہی ہوں،مجھے امید ہے انہیں انصاف ضرور ملے گا، میں جاکر درخواست کروں گی کہ وہ اپنے پیاروں کو دفنائیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر پی ڈی ایم کا وفد آج ہزارہ برادری سے اظہار تعزیت کرے گا ،مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال، جےیوآئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اسلام آباد سے کوئٹہ روانہ ہوگئے، مریم نواز کوئٹہ روانہ ہوگئی ہیں۔ کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا وفد مشترکہ طور پر ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کرے گا ،کوئٹہ روانگی سے قبل سابق وزیراعظم نوازشریف کا پیغام بھی مولانا عبدالغفور حیدری کو پہنچایا گیا۔
بلاول بھٹو کوئٹہ کے لیے روانہ نہ ہوسکے۔ٹویٹ پیغام میں بلاول کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ اور یوسف رضا گیلانی کیساتھ کوئٹہ جانے کے لیے کوشاں ہیں لیکن خصوصی طیارے کا انجن اسٹارٹ نہ ہونے کے باعث وہ آف لوڈ ہوگئے ہیں،بلاول کا کہنا ہے کوئٹہ جانے کے لیے متبادل انتظام کیا جارہا ہے،بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ ہزارہ مظاہرین کے مطالبات تسلیم کریں۔