(علی ساہی) گزشتہ سال لاہوریوں نے ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑا دیں، سیف سٹیز اتھارٹی نے 2020 میں 19 لاکھ 86 ہزار شہریوں کو ای چالان جاری کیے، جبکہ 24 ہزار سے زائد ای چالان نادہندگان کے خلاف ٹریفک پولیس مدد سے کارروائیاں کیں۔
شہریوں کو بار بار ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کے باوجود لاہوریوں نے اپنی روش نہیں بدلی، شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کے لئے کیمروں کی تنصیب کے باوجود روزانہ ساڑھے 5 ہزار گاڑیاں و موٹر سائیکلوں کے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان جاری کیے گئے۔ ڈرائیوروں کو سیف سٹیز اتھارٹی نے ایک سال میں 19 لاکھ 86 ہزار464 الیکٹرانک چالان جاری کیے، گاڑیوں کے 9 لاکھ 99 ہزار398 جبکہ موٹرسائیکل و رکشوں کے 9 لاکھ 49 ہزار 436 چالان ہوئے جبکہ کمرشل گاڑیوں کے 37 ہزار630 الیکٹرانک چالان بھیجے گئے۔
ای چالان جرمانے کی مد میں 19 کروڑ 27 لاکھ 39 ہزار 400 روپے قومی خزانے میں جمع ہوئے، گاڑی مالکان نے 15 کروڑ 97لاکھ 92 ہزار 700 روپے جرمانہ ادا کیا اور موٹرسائیکل و رکشہ مالکان نے 2 کروڑ 63 لاکھ 91 ہزار 200 روپے جرمانہ ادا کیا، اسی طرح کمرشل گاڑیوں کے مالکان نے 65 لاکھ 55 ہزار 500 روپے چالان کی مد میں جمع کروائے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق اتھارٹی نے 24 ہزار سے زائد ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کیں، شہریوں کی سہولت کیلئے ای چالان آن لائن ادائیگی کا آغاز کر دیا گیا ہے، شہری ای پے ایپلیکیشن سے گھر بیٹھے ای چالان جرمانہ ادا کر سکتے ہیں۔