میانوالی طیارہ حادثہ، لاہور سے تعلق رکھنے والےعبادالرحمان شہید

7 Jan, 2020 | 10:48 PM

Arslan Sheikh

( جمال الدین ) میانوالی کے قریب تربیتی پرواز کے دوران شہید ہونے والے فلائنگ آفیسر عبادالرحمان شہید کے گھر واپڈا ٹاؤن اظہار افسوس کیلئے اہم شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، نمازجنازہ کل ادا کی جائے گی۔

پاک فضائیہ کا ایک طیارہ ایف ٹی سیون معمول کی تربیتی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان شہید ہوگئے تھے۔ فلائنگ آفیسرعبادالرحمان شہید نے 8 ماہ قبل پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

واپڈا ٹاؤن میں ان کی رہائش پر تعزیت کیلئے آنے والے عبادالرحمان شہید کے چھوٹے بھائی شاہزیب سے اظہار افسوس کرتے رہے۔ والد پہلے انتقال کرچکے ہیں۔ شہید کے بھائی کا کہنا تھا بھائی ملک کی خدمت کا جذبہ رکھتے تھے۔ تعزیت کیلئے آنے والوں میں ڈاکٹرکمال، پرویزعنایت ملک ایڈووکیٹ، ڈاکٹر نعیم، مکرم وقاص، شیخ محبوب احمد سمیت دیگر شامل ہیں۔

اہل خانہ اور ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق کل صبح سات بجے پی اے ایف ائیر بیس کینٹ میں شہید کی نمازجنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔ پی اے ایف ایئر بیس سے شہید کا جسد خاکی 9 بجے ان کی رہائش گاہ واپڈا ٹاؤن لایا جائے گا۔ شہید کی دوسری نماز جنازہ واپڈا ٹاؤن میں دن 1:30 بجے دوپہر کو ادا کی جائے گی۔

مزیدخبریں