پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات، پینل اے نے میدان مار لیا

7 Jan, 2018 | 07:56 PM

(رضوان نقوی): پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں کانٹے دار مقابلہ کے بعد" پینل اے "نے چالیس ووٹوں سے میدان مار لیا۔ ممبر سی ایم آئی ٹی شاہد

حسین پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے صدر جبکہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نوید شہزاد مرزا جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔

پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں فیروز پور روڈ پر واقع تاج محل بینکوئٹ ہال میں پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ لاہور کے ساتھ ملتان اور راولپنڈی میں بھی پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے انتخابات میں گروپ اے نےکانٹے دار مقابلے کے بعد چالیس ووٹوں سےگروپ بی کو شکست دے دی۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن کی باگ ڈور سنبھالنے کیلئے سات نشستوں پر دونوں گروپوں کے سات،سات امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رانا گلزار احمد،سیٹلمنٹ آفیسر ریونیو ڈاکٹر نور محمد اعوان،ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمرمقبول،محمد نواز گوندل ،ڈاکٹر امتیاز محسن نے ووٹ کاسٹ کیا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ شیخ فرید، ڈائریکٹر ایل ڈی اے علی شہزاد،مدثر فارقلیط، ذیشان رانجھا،ملک کاشف نواز،احد ڈوگر، شاہ رخ نیاز،عبداللہ خرم نیازی سمیت صوبہ بھر سے آئے ہوئے پی ایم ایس افسروں نے ووٹ بھی کاسٹ کیا۔

گروپ اے کے امیدواروں میں گریڈ سترہ سے گریڈ اکیس تک کے پی ایم ایس آفیسرز جبکہ گروپ بی کے امیدواروں میں زیادہ ترجونیئرآفیسرز شامل تھے۔ پینل اے کے امیدوار شاہد حسین پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے صدر، نوید شہزاد مرزا جنرل سیکرٹری، قمرالزمان قیصرانی سینئر نائب صدر، طارق محمود اعوان جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ اسی طرح پینل اے کے محمد جعفر چوہدری سیکرٹری انفارمیشن،عبدالرؤف سیکرٹری کوآرڈینیشن منتخب ہوگئے۔ پینل اے کےامیدوارمحمدعمران جعفر فنانس سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ساڑھے آٹھ سو ووٹرز میں سے چارسو باسٹھ ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے انتخابات میں فاتح گروپ اے نے251 جبکہ گروپ بی نے211 ووٹ حاصل کئے۔

نومنتخب جنرل سیکرٹری نویدشہزاد مرزا نے کہا کہ پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے صوبائی سروس کے افسروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔  

مزیدخبریں