کلیم اختر: ملک بھر میں خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں بارشوں میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جس سے زرعی پیداوار اور پانی کی کمی کے مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
پنجاب میں بارشوں میں 42 فیصد کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری تک کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں خشک سالی کے اثرات واضح ہونے لگے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں نچلے درجے کی خشک سالی کا سامنا ہو سکتا ہے، اور 8 مختلف شہروں میں پانی کی کمی کا شدید خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ 4 دیگر شہروں میں بھی نچلے درجے کی خشک سالی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ اگر مزید بارشیں نہ ہوئیں تو خشک سالی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو کہ ملکی سطح پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
این ڈی ایم سی نے ملک بھر کی صوبائی حکومتوں کو اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔