پاکستان کے 12 ویں عام انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل، تفصیل جاری

7 Feb, 2024 | 06:16 PM

عثمان خان : پاکستان کے 12 ویں عام انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل ہوگئیں، عام انتخابات 2024 کےلئے ووٹنگ کل ہوگی۔ 
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کل صبح 8 بجے سے 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے ہوگی، ملک بھر کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں انتخابات ہونگے۔

چار حلقوں میں الیکشن نہیں ہونگے:

قومی اسمبلی کے ایک، خیبرپختونخواہ کے دو اور پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے میں پولنگ نہیں ہوگی، این اے 8،پی کے 22،پی کے 91 اور پی پی 266 میں امیدواروں کی وفات کی وجہ سے  ووٹنگ نہیں ہوگی۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پولینگ کی تفصیل:

قومی اسمبلی کے 265 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 590 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔ بلوچستان اسمبلی کی 51 ،خیبرپختونخواہ  اسمبلی کی 130 میں سے 128 پر پولنگ ہوگی۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296 اور سندھ اسمبلی کی 130 سیٹوں پر پولنگ ہورہی ہے۔ 

ووٹرز کی تعداد :
ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے، جن میں سے 6 کروڑ 63 ہزار 704مرد ، 5 کروڑ 93 لاکھ 22ہزار 56 خواتین ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گی۔  

امیدواروں کی تفصیل :
قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 855 جنرل نشستوں پر 17ہزار سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، قومی اسمبلی کی نشستوں پر 5 ہزار ، صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 12 ہزار امیدوار میں ہیں۔ 
ملک بھر میں 11 ہزار سے زائد آزاد امیدوار الیکشن میں موجود ہیں، قومی اسمبلی نشستوں پر 3 ہزار 748 آزاد اور 18 سو 73 سیاسی جماعتوں کے امیدوار ں حصہ لے رہے ہیں۔ 
صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 8 ہزار 537 آزاد اور 4 ہزار 158 سایسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ 
قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 882 خواتین امیدوار میدان میں ہیں، قومی اسمبلی کی نشستوں پر 312 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 570 خواتین ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 4 نشستوں پر خواجہ سرا بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ 
قومی اور صوبائی اسمبلیوں پر 6 ہزار 31 سیاسی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی نسبت تقریبا دو گنا آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی نشستوں پر 6 ہزار 710 ، سندھ اسمبلی کی نشستوں پر  2 ہزار 878 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخواہ اسمبلی کی نشستوں پر 1834، بلوچستان 1273 امیدوار میدان میں ہیں۔ 

پولنگ اسٹشینز (نارمل، حساس، انتہائی حساس) :
ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹشینز قائم کئے گئے، جبکہ 2 لاکھ 76 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم ہیں۔ 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز کو حساس حساس قرار دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں 46 ہزار 65 پولنگ اسٹیشنز کو حساس و انتہائی حساس ہیں، جن میں سے 18 ہزار 437 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس کہا گیا ہے۔ 
پنجاب میں 12 ہزار 580 پولنگ اسٹیشنز حساس، جبکہ 6 ہزار 40 انتہائی حساس ہیں، اس کے علاوہ پنجاب میں 32 ہزار 324 پولنگ اسٹیشز نارمل ہیں۔ 
سندھ کے 6545 پولنگ اسٹیشنز حساس، 6524 انتہائی حساس ہیں، جبکہ سندھ میں 5937 پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں۔ خیبرپختونخواہ کے 6166 پولنگ اسٹیشنز حساس، 4143 انتہائی حساس ، جبکہ 5388 پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں۔ بلوچستان میں کل 5ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز میں سے صرف 961 نارمل ہیں، جبکہ 2337 پولنگ اسٹیشنز حساس، اور 1730 انتہائی ہیں۔ 

سیکیورٹی انتظامات :
ملک بھر میں 9 لاکھ 76 ہزار پولنگ عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔ عام انتخابات میں 7 لاکھ سے زائد پولیس، رینجرز اور  فوجی اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ پاک فوج کے جوان کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہونگے۔ 

الیکشن کمیشن نے 26 کروڑ خصوصی سیکیورٹی فیچرز والے واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز چھاپے ہیں۔ 

مزیدخبریں