سٹی42: وفاقی کابینہ نے پشاور کی احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ڈاکٹر مریضوں کو وٹامنز، ملٹی وٹامنز، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات تجویز نہیں کریں گے۔
نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی آئی اے کی تنظیم نو، فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری اور ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
نگراں وفاقی کابینہ نے پشاور میں 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری دے دی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق نگران کابینہ کے اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن پی آئی اے کی نجکاری کی غرض سے تنظیم نو، فرسٹ وویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری اور ادویات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کے حوالے سے تجاویز کی بھی منظوری دی گئی۔
منصوبے کے تحت پی آئی اے کو 2 کمپنیوں میں تقسیم کر دیا جائے گا، پی آئی اے کی مالی وانتظامی تنظیم نو کیلئے فنانشل ایڈوائزر کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر مریضوں کو وٹامنز، ملٹی وٹامنز، منرلز اور اوور دی کائونٹر مصنوعات تجویز نہیں کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ملٹی وٹامنز اور منرلز کی فہرست مروجہ عالمی معیار کے مطابق مرتب کرے گی۔