الیکشن 2024 کے انتخابی مہم ختم ہو گئی، الیکشن کمیشن نےشہریوں کو تمام سیاسی سرگرمیوں سے روک دیا

7 Feb, 2024 | 12:10 AM

 سٹی42: پاکستان بھر میں الیکشن 2024 کی انتخابی مہم مجموعی طور پر امن کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ اب سے 8 فروری کی شام پولنگ کا وقت ختم ہونے تک سیاسی جماعتوں کے ارکان، امیدوار اور عام شہری کوئی سیاسی اجتماع نہیں کر سکیں گے،کسی امیدوار کے لئے ووٹ نہیں مانگ سکیں گے اور کسی امیدوار کی مخالفت بھی نہیں کر سکیں گے۔

انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی تمام سیاسی جماعتوں ور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر پابندی لگ گئی ہے کہ وہ اب سے کل 8 فروری کی شام پولنگ کا وقت ختم ہونے تک انتخابی مہم نہیں کر سکتے، کوئی کارنر میٹنگ، جلسہ یا ووٹ مانگنے کی کوئی بھی سرگرمی نہیں کر سکتے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 182 کے مطابق اب انتخابی مہم کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ اگر کوئی بھی امیدوار یا سیاسی جماعت یا کوئی بھی شخص کسی بھی طرح سے انتخابی مہم چلاتا پایا گیا، کسی نے کوئی کارنر میٹنگ کی یا جلسہ کیا یا ریلی نکالی، ووٹ مانگے یا کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی کا انعقاد کیا تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق اب سے  پولنگ کا وقت ختم ہونے تک میڈیا کے ارکان کوئی پبلک اوپینئین پول، سروے نہیں کروا سکیں گے۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد میڈیا انتخابات کے نتائج نشر کر سکے گا تاہم اسے یہ بتانا ہو گا کہ یہ نتایج غیر سرکاری اور غیر حتمی ہیں۔ 

مزیدخبریں