ویب ڈیسک: ترکیہ میں آنے والے خوفناک زلزلے نے ہر آنکھ کو اشکبار کردیا ہے۔ ہر طرف تباہی کے وہ مناظر دکھائی دے رہے ہیں جو آج تک ترکیہ کی 100 سالہ تاریخ میں کبھی نہ ملے۔
9۔7 شدت کا زلزلہ اور 8 گھنٹے بعد دوبارہ جھٹکوں نے پورے ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں خوف برپا کردیا اور ساتھ ہی شام کی زمین بھی لرز اٹھی۔ 4 ہزار سے زائد لوگوں کی موت نے قیامت کا دوسرا رُخ دکھا دیا۔
جہاں زلزلے سے اموات کی شرح میں اضافہ ہوگیا وہیں کچھ خوش نصیب ایسے بھی ہیں جن کو اللہ نے اپنی رحمت سے زندہ رکھا۔ جسے خُدا چاہے اسے کوئی نہیں مٹا سکتا، یہ معجزہ بھی اس واقعے میں دیکھنے میں آیا ہے۔ جہاں ایک حاملہ خاتون ملبے تلے دب گئی اور حالت بگڑنے کے باعث اسی ملبے میں بچے کی پیدائش بھی ہوئی، ماں تو مر گئی لیکن نومولود زندہ بچ گیا۔ یہ قدرت کا ایک بڑا کرشمہ ہے جس کو عالمی میڈیا پر ہر کوئی دیکھ کر حیران رہ گیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے جب ملبے تلے زندہ نومولود بچے کو نکالا تو دیکھ کر سب دنگ رہ گئے، اس بچے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب شیئر کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بچے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور یہ بالکل صحت مند ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر سیریا میں آئے زلزلے کی ایک اور ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک کم عمر بچی کو زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے میں اپنے گھر کے منہدم ہونے کے بعد یہ بچی ملبے سے بچ نکلی لیکن ا افسوسناک بات یہ ہے کہ اس کے خاندان کے زیادہ تر افراد زندہ نہیں بچ سکے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی کہ چہرے پر زخموں کے کئی نشان ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین شدید افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور بچی کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعائیں کر رہے ہیں۔