(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی نوٹیفائی ہونے والے پی ٹی آئی کے مزید 9 سابق ممبران نے پارلیمنٹ لاجز رہائش گاہیں خالی کردیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ شیخ راشد شفیق، ڈاکٹر نوشین حامد، تفشین صفدر، آفتاب صدیقی، عالمگیر خان اور راجہ خرم شہزاد، آصمہ قدیر، سبط اللہ اور شیر افگن نے رہائش گاہیں خالی کردیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر خالی ہونے والے لاجز کی تعداد 24 ہوگئی۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے ڈائریکٹر کی جانب سے سی ڈی اے مجسٹریٹ کو آپریشن میں معاونت کا خط لکھا گیا تھا۔ خط کے متن کے مطابق آپریشن میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے معاونت کی جائے، پی ٹی آئی کے ڈی نوٹیفائی ممبران کو 24 جنوری کوسرکاری رہائشیں خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ رہائشیں خالی نہ کرنے پر آپریشن کرنا ہے لہٰذا کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، آفتاب جہانگیر سمیت متعدد اراکین نے متعدد بار نوٹس کے باوجود تاحال پارلیمنٹ لاجز خالی نہیں کیے۔