سعید احمد سعید: سول ایوی ایشن میں پائلٹس کے جعلی لائسنس سکینڈل کے بعد پائلٹس کو جعلی طریقے سے فلائنگ الاؤنس دیئے جانے کا بڑا معاملہ سامنے آگیا، فلائنگ سے 2017 میں معطل ہونے والے فلائٹ انسپکٹر پائلٹ میسم رضا کو جعلی طریقے سے ماہانہ لاکھوں روپے فلائنگ الاؤنس جاری ہونے کا انکشاف، دستاویزات سامنے آگئیں۔
آڈٹ رپورٹ اور سی اے اے شعبہ فلائٹ انسپکشن یونٹ کی رپورٹ کے مطابق سی اے اے افسران گھپلوں سے فلائنگ الاؤنس سمیت دیگر الاؤنسز کی مد میں ماہانہ 6 لاکھ روپے تنخواہ بٹورنے لگے۔ افسران کا قومی خزانے کو ماہانہ لاکھوں روپے نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سی اے اے آڈٹ رپورٹ کے مطابق پائلٹ میسم رضا کو تین سال میں 54 لاکھ روپے سے زائد کا غیرقانونی طور فلائنگ الائنس دیا گیا، پائلٹ میسم رضا جولائی 2017 سے فلائنگ نہیں کر رہے۔
ذرائع کے مطابق سی اے اے کے ڈائریکٹر ایچ آر ملک مظہر ڈائریکٹر فنانس سمیت دیگر اعلیٰ افسران کی جانب سے پائلٹ میسم رضا کو مکمل آشیر باد حاصل ہے۔ سی اے اے کی آڈٹ رپورٹ اور فلائٹ انسپکشن یونٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ سی اے اے فلائٹ انسپکشن شعبے کے چیف پائلٹ و ایڈیشنل ڈائریکٹر کی رپورٹ میں بھی سفارشی اور من پسند پائلٹ میسم رضا کے ڈیوٹی سے غائب رہنے اور خراب کارکردگی کا انکشاف ہوا ہے۔
ماہرین کے مطابق فلائنگ نہ کرنے پر فوری طور فلائنگ الاؤنس بند کیا جاتا ہے، ایف آئی اے سی اے اے کے اس معاملے کی تحقیقات کرے تو الاؤنسز کی مد میں غیرقانونی ادائیگیاں کرنے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگا۔