خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی,3 افرادملبے تلے دب کرجاں بحق

7 Feb, 2021 | 09:28 AM

M .SAJID .KHAN

(فہد بھٹی)لاہور کے علاقے سروبا گارڈن میں مکان کی چھت گرنے سے خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی, گھر میں موجود دو بچے اور ایک لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ خاتون اور ایک لڑکا شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق چونگی امرسدھو کے قریب سروبہ گارڈن میں ہنستا بستا گھرانہ اجڑ گیا۔ مکان کی تعمیر کے دوران سنگین غفلت تین قیمتی جانیں نگل گئی۔ پانچ مرلے مکان کا بالائی حصہ دوبارہ تعمير کرنے کے ليے توڑ پھوڑ کی جا رہی تھی کہ ٹی آر گارڈرز پر کھڑی چھت ملبے کا بوجھ برداشت نہ کرسکی ۔ اور زمين بوس ہوگئی۔

گھر ميں موجود خواتين سميت پانچ افراد ملبے تلے دب گئے ۔ سترہ سالہ نيہا ،تين سالہ زين اور دو سالہ ذوہا جاں بحق جبکہ پينتيس سالہ نازيہ اور دس سالہ رونی شديد زخمی ہوگئے۔امدادی ٹيموں نے ملبے میں دبے اور زخمی  افراد کو طبی امداد کے ليے ہسپتال منتقل کیا،افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد کی میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، اہلیان محلہ اورو رشتہ داروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،تاحال کسی حکومتی نمائندے کی جانب سے متاثرہ فیملی سے رابطہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے  چھت گرنے کا افسوس ناک واقعہ گزشتہ روزفیروز پور روڈ پر واقع سوسائٹی سروبہ گارڈن میں پیش آیا تھا، جہاں ایک کمرے کو توڑنے کے دوران پورے مکان  کی چھت گر گئی، واقعہ میں میاں بیوی سمیت چھ افراد ملبے تلے دب گئےتھے،حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور تمام افراد کو ملبے سے نکال کر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 17 سالہ نیہا، دو سالہ ذوہا  اور تین سالہ زین جان کی بازی ہار گئے۔اہل علاقہ کے مطابق مکان پرانا تھا جسکو توڑ کر نیا بنایا جارہا تھا لیکن اچانک پورا مکان گر گیا۔

مزیدخبریں