(شاہین عتیق) پاکستان میں خواتین کی طرف سے خلع کی بنیاد پر طلاق کے دعوے دائر کرنے کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ایک روز میں پانچ سے دس دعوے دائر ہو رہے ہیں، ہر دعوے میں خواتین کا موقف ہے کہ خاوند توجہ نہیں دیتا، خرچا مانگو تو تشدد کرتا ہے۔
آج فیملی کورٹ میں معروف گلوکارہ صنم ماروی نے خلع کیلئے دعوی دائر کردیا، گلوکارہ صنم ماروی نے شوہر حامد علی کو فریق بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس نے 2009 میں اسلامی قوانین کے تحت حامد علی سے شادی کی، ہمارے تین بچے ہیں، شادی کے کچھ عرصے کےبعد شوہر کا رویہ تبدیل ہوگیا، شوہر بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بناتا ہے، اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم و ستم برادشت کرتی رہی مگر اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔
صنم ماروی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ اس کوخلع دلوائی جائے، عدالت نے سماعت آٹھ فروری تک ملتوی کرتےہوئے ان کے شوہر سے جواب طلب کرلیا۔
صنم ماروی فوک کلام کی جانی مانی گلوکارہ ہیں، ان کی شہرت کو چار چاند کوک اسٹوڈیو کے ’لگی بنا رین نہ جاگے کوئی‘ سے لگے، صنم ماروی نے سات برس کی عمر میں ہی گلوگاری شروع کر دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی اب تک بہت سی جوڑیاں ٹوٹ چکی ہیں، حمائمہ ملک اور اشمعون عباسی ، گلو کارہ عینی خالد اور نورید اعوان، اداکار اظفر علی اورسلمیٰ حسن ، وینا ملک اور اسد خٹک ،جاناں ملک اور گلوکار نعمان جاوید ،متیرا اور فاران، سارہ چودھری اور اداکار سمیع خان سمیت دیگر شوبز شخصیات کے شادی کے بندھن ٹوٹ چکے ہیں۔