ریحان گل: لاہور کے مستحق افراد فنڈز کو ترس گئے، سیاسی اختلافات کے باعث بیت المال کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ بھی وزیراعظم کے کورٹ میں پہنچ گیا، کمیٹیوں کے چیئرمین خود وزیراعظم نامزد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کی 14 بیت المال کمیٹیوں کی تشکیل گزشتہ ڈیڑھ سال سے التواء کا شکار ہے، ذرائع کے مطابق لاہور میں چار بیت المال کمیٹیاں تشکیل دی جانی ہیں جن کے پاس 3 کروڑ کے فنڈزموجود ہیں لیکن سیاسی اختلافات کے باعث چیئرمین کی نامزدگی نہ ہونے سے لاہور کے ایک بھی مستحق شخص کو مالی امداد نہیں دی جا سکی ہے۔
جس پر اب معاملہ وزیراعظم پاکستان کے پاس پہنچ گیا ہے اور اب لاہور کی چار بیت المال کمیٹیوں کے چیئرمین بھی وزیراعظم خود نامزد کریں گے۔
واضح رہے لاہور کی کمیٹیوں میں سٹی کے پاس 80 لاکھ، صدر کے پاس 55 لاکھ، کینٹ کے پاس 1 کروڑ اور ماڈل ٹاون کے پاس 55 لاکھ کے فنڈز موجود ہیں۔