چیف منسٹر پولو کپ، بی این پولو نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

7 Feb, 2020 | 11:50 AM

Sughra Afzal

(وسیم احمد) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام چیف منسٹر پولو کپ 2020ءکے تیسرے دن بی این پولو ٹیم نے اے ایس سی پولو ٹیم کو ہرا کر  فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں 12 گول ہائی گول ٹورنامنٹ کے سلسلے کا اہم میچ تھا جس کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی اچھی تعداد موجود تھی، اس موقع پر لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران آغا مرتضیٰ علی خان، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا، سیکرٹری کرنل (ر) مدثر شریف اور دیگر بھی موجود تھے۔

 پہلے چار چکروں کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 7-7 سے برابر تھا جبکہ آخری چار چکروں کے بعد کل آٹھ چکروں کے رزلٹ کے مطابق بی این پولو ٹیم نے اے ایس سی پولو ٹیم کو 15-12 سے ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ اے ایس سی پولو ٹیم نے سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، آخری چار چکروں میں بی این پولو ٹیم نے 8 جبکہ اے ایس سی پولو ٹیم نے 5 گول سکور کیے۔

  بی این پولو ٹیم کی طرف سے خوان ماریا رئیوز ٹی ٹو نے چھ جبکہ ثاقب خان خاکوانی نے دو گول سکور کیے جبکہ اے ایس سی پولو ٹیم کی طرف سے سکواڈرن لیڈر حمزہ اقبال نے تین جبکہ راجہ سمیع اللہ نے دو گول سکور کیے۔ آج بروز جمعتہ المبارک اہم میچ پی بی جی اور راوی پائپ کے درمیان کھیلا جائے گا جیتنے والی ٹیم مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔

 

مزیدخبریں