(جنید ریاض) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے پیک کےامتحانی سنٹرز میں اساتذہ کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی لگادی، دوران امتحان موبائل فون برآمد ہونے پر متعلقہ ٹیچرز کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کیجائے گی۔
پنجاب ایگزمینیشن کے امتحان میں عملے کیجانب سے کھلے عام موبائل فونز کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا، جس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے ایکشن لیتے ہوئے لاہور پیک کے امتحانی سنٹرز میں عملے کے موبائل فون کےاستعمال پر پابندی لگادی، ایجوکیشن اتھارٹی نے تمام امتحانی سنٹرز کو مراسلہ جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق ریزیڈنٹ انسپکٹرز امتحان شروع ہونے سے قبل عملے سے موبائل فون لے لیں گے، امتحان کے اختتام پر ریزڈنٹ انسپکٹرز عملے کو موبائل فون واپس کریں گے۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دوران امتحان موبائل فون برآمد ہونے پر متعلقہ ٹیچر کیخلاف قانونی کارروائی کیجائے گی۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں 376 امتحانی سنٹرز تشکیل دیئے گئے،لاہور بھر سے70 ہزار امیدوار امتحان میں شرکت کررہے ہیں، نقل کی روک تھام کے لئے سوالیہ پیپر کے4 ورژن بچوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں، مڈل امتحان کے نتائج کا اعلان31 مارچ کو کیا جائے گا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز عملے کے موبائل فون کے استعمال سے سائنس کا سوالیہ پیپر اور جوابی کاپی وقت سے قبل آؤٹ ہوگئی تھی۔