ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب سینٹ الیکشن؛100سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کرلیے

پنجاب سینٹ الیکشن؛100سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کرلیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عمران یونس: پنجاب سینٹ الیکشن 2018،سو سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کرلئے، اسحاق ڈار، حنا ربانی کھر، نوازش علی رانا، شہزاد علی خان اور کامران مائیکل سمیت 9 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

 تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز صوبائی الیکشن کمیشن آفس میں سینٹ انتخابات کے حوالے سے خوب گہما گہمی رہی اور کاغذات وصول اور جمع کرانے والے امیدواروں کا رش دیکھنے میں آیا۔ پنجاب سینٹ الیکشن 2018کیلئے ابتک 105 امیدوار کاغذات وصول کر چکے ہیں، جبکہ اسحاق ڈار، حنا ربانی کھر، نوازش علی رانا، شہزاد علی خان، کامران مائیکل، کامل علی آغا اور عثمان زئی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

دوسری جانب کامل علی آغا اور اسحاق ڈار نے2نشستوں، جنرل اور ٹیکنوکریٹ کیلئے کاغذات جمع کرائے۔ لیگی اراکین اسمبلی غزالی سلیم بٹ، ملک وحید، ملک نوید اور منشاء اللہ بٹ نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزگی جمع کرادیئے۔ عثمان زئی جنرل جبکہ کامران مائیکل نے اقلیتی نشست پر کاغذات جمع کرائے۔ لیگی رہنماوں کا کہنا تھا کہ سینٹ الیکشن کا برا چاہنے والے ناکام ہوگئے۔ سینٹ میں کامیابی کا سہرا نون  لیگ کے سر ہی ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما شہزاد علی خان نے جنرل، نوازش علی رانا نے ٹیکنوکریٹ اور حناء ربانی کھر نے خواتین کی خصوصی نشست کیلئے کاغذات جمع کرائے۔ اس موقع پر پی پی رہنما فائزہ ملک، شہاب الدین اور خرم وٹو بھی ہمراہ تھے۔ پی پی رہنماوں کا کہنا تھا سابق صدر آصف علی زرداری پنجاب میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں کر رہے۔ عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے والے اسحاق ڈار کس منہ سے سینٹ الیکشن لڑ رہے ہیں۔

کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والے تمام امیدوار 8فروری  شام  4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ پنجاب سینٹ کی7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹ،2 خواتین اور ایک اقلیتی نشست کے لئے انتخابات 3 مارچ کو تمام صوبائی اسمبلیوں میں ہونگے۔