مریم نواز کل چین کے 8 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گی

7 Dec, 2024 | 01:22 PM

راؤ دلشاد : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز چین کے 8 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گی۔ اُن کی قیادت میں 10 رکنی وفد 8 دسمبر کو چین کیلئے روانہ ہوگا، جہاں وہ بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کا دورہ کریں گی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب اتوار کے روز صبح 10 بجے خصوصی طیارے سے چین روانہ ہوں گی، جس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا طیارہ استعمال ہوگا۔ مریم نواز کے ہمراہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سیکرٹری توانائی اور سیکرٹری خزانہ بھی چین روانہ ہوں گے۔

چین کی حکمران جماعت کمونسٹ پارٹی کی طرف سے مریم نواز کو سرکاری دورے کی خصوصی دعوت دی گئی ہے اور وہ چین کی حکمران جماعت کی دعوت پر چین جانے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی۔

دورے کے دوران مریم نواز انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل، اور انڈسٹری کے شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کریں گی۔ سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کو فروغ دینے کے لیے بھی معاہدے کیے جائیں گے۔ مزید برآں، پنجاب اور چین کے نجی سیکٹرز کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوگی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کو چین کے ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اس دورے کے دوران مریم نواز چین کے اہم حکومتی اور سیاسی قائدین سے ملاقات کریں گی۔

مزیدخبریں