ویب ڈیسک: اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں 7 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 300.9 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
تعلیمی اداروں میں کارروائیاں
اے این ایف حکام نے الآصف اسکوائر کراچی میں ایک ملزم سے 2 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ اس موقع پر گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
انسداد منشیات کی دیگر کارروائیاں
گوادر میں جیوانی سے 245 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح برکی روڈ لاہور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 34.8 کلو گرام چرس اور 7.2 کلو گرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب رِنگ روڈ پشاور میں پشتخارہ چوک کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 6 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اُدھر سیالکوٹ میں گلوٹیاں موڑ ڈسکہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح مارگلہ روڈ اسلام آباد میں 2 ملزمان سے مجموعی طور پر 1.9 کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔ برہان ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 500 گرام ہیروئن اور 500 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔