جمال الدین: پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی کا لاہور میں احتجاج اور پولیس پر تشدد کا معاملہ، عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 18 جنوری تک توسیع کر دی۔
تفصیلات کےمطابق تھانہ شفیق آباد کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت اے ٹی سی ایڈمن جج منظر علی گل نے کی، علیمہ خان ،عظمی خان اور سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر حاضری کیلئے عدالت پیش ہوئے،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 3درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔
جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایا کہ علیمہ خان ، عظمیٰ خان شامل تفتیش ہو گئیں ان کا بیان قلمبند کرلیا،جناح ہاؤس حملہ کیس میں ان کی حد تک تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔
علیمہ خان نےروسٹرم پر فاضل جج منظر علی گل سے مکالمہ کیا، کہا کہ ہم ڈیڑھ سال سے پیش ہو رہے ہیں آپ سے پہلے کئی ججز نے سماعت کی ،پہلے تفتیشی افسر نہیں آتا تھا جج نے نوٹس بھیج کر تفتیشی بلایا ، ابھی تک ان لوگوں کی تفتیش مکمل نہیں ہو رہی۔
علیمہ خان نے استدعا کی کہ جج صاحب ہماری عبوری ضمانت کنفرم کر دیں،فاضل جج نے ریمارکس دیے جب میں آیا کافی ضمانتیں زیر التوا تھیں اب صرف 70ملزمان رہ گئے ہیں،کئی کیسز میں تفتیش مکمل ہے آج دلائل ہو جاتے مگر وکلاء نے مہلت مانگ لی۔
علیمہ خان نے کہا آج پولیس نے پہلی بار کہا کہ میں شامل تفتیش ہو گئی ہوں ، میں تو کئی بار شامل تفتیش ہو چکی ہوں ،تفتیشی افسر بولا یہ پہلے شامل تفتیش نہیں ہوئیں جب ہوئی ہیں تو ہم نے بتا دیا ۔
فاضل جج منظر علی گل نے استفسار کیا کہ تفتیش افسران عدالت میں جھوٹ بولتے ہیں ان کو سزا دیں ،جھوٹ بولنے پر سزا نہیں دے سکتے ۔
علیمہ خان نے فاضل جج سے استدعا کی کہ میری ضمانت ہر جلد فیصلہ کریں، عدالت نے اہم ریمارکس دیتے حکم دیا کہ تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دے رہا ہوں۔
آئندہ سماعت پر آپ کی ضمانت کا فیصلہ ہو جائے گا ،بعدازاں عدالت نےعلیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 18 جنوری تک توسیع کر دی۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ،علی امتیاز وڑائچ ، ندیم عباس بارا ، شبیرگجر،افضال عظیم پاہٹ اور ضمیر احمد چھیڈو ودیگر کی عبوری ضمانت میں بھی 18 جنوری تک توسیع کی گئی۔