ویب ڈیسک: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع میں 12ویں جماعت کے طالبعلم نے سکول جلدی آنے کا کہنے پر پرنسپل کو سر میں گولی مار دی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اورچھا روڈ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پشپیندر یادو نے بتایا کہ 17 سالہ طالبعلم گولی مارنے کے بعد پرنسپل کے ہی اسکوٹر پر فرار ہوا جو کچھ گھنٹوں بعد گرفتار کر لیا گیا۔
پشپیندر یادو نے بتایا کہ ملزم اتر پردیش کی سرحد کے قریب سے گرفتار کیا گیا، ملزم سکول میں نامناسب رویے کی وجہ سے مشہور ہے، اس کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اگم جین نے بتایا کہ نوجوان نے 55 سالہ پرنسپل ایس کے سکسینہ کو دھامورہ گورنمنٹ ہائی سکول کے بیت الخلا کے قریب پستول سے سر میں گولی ماری۔
سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امن مشرا نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق آج اور اس سے پہلے بھی دیر سے آنے پر ملزم کو ڈانٹ پڑی تھی۔
سکول کے ایک استاد ہری شنکر جوشی نے دعویٰ کیا کہ ملزم ایک بدنام لڑکا ہے جو اپنی خواہش کے مطابق سکول آتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول ایسے طالبعلموں کو سمجھتے تھے اور اگر حالات بہتر نہ ہوتے تو ان کے والدین سے رابطہ کرتے تھے، پرنسپل کے تمام عملے کے ساتھ خوشگوار تعلقات تھے۔