انوشہ جعفری: ڈائریکٹر کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر انسانی سمگلرز کی گرفتاری کے لئے کریک ڈاون جاری، ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سیل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 انسانی سمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 3 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان انسانی سمگلنگ کے گھناونے جرم میں ملوث تھے، گرفتار ملزمان میں انتظار حسین، محبوب علی اور محمد کامران شامل ہیں، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کر رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے متعدد شہریوں سے سعودی عرب، یو اے ای اور دیگر ممالک بھجوانے کے نام پر پاسپورٹ وصول کئے۔ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں پاسپورٹس برآمد کر لئے گئے، ملزمان لائسنس کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
ملزمان کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔