ویب ڈیسک: وفاقی وزیر و مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آئندہ ماہ پاکستان آ رہے ہیں، الیکشن اگست کے بعد ہوں گے، امیدواروں کو ٹکٹ نواز شریف جاری کریں گے۔
ٹی وی پروگرام میں ایاز صادق نے تحریک انصاف کی جانب سے کئے گئے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات ہونے چاہیئں، پرویز خٹک اور اسد قیصر کا ٹیلی فون آیا ہے، بات چیت کے لئے کہا اور دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملاقات ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا اگر مارچ میں اسمبلی ٹوٹی تو پھر رمضان اور بجٹ آ رہا ہے، مارچ سے جون تک اسمبلیاں توڑنا ناممکن نظر آ رہا ہے تاہم سیاسی جماعتیں مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کرتیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نواز شریف جنوری میں واپس آئیں گے، ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت بھی پاکستان میں موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا اسلام آباد کے شاپنگ مال کو غلط وقت پر سیل کیا گیا، اس کو پہلے ہی سیل کرنا چاہیئے تھا، اعظم سواتی کے حوالے سے انہوں نے کہا اعظم سواتی کو رہا ہونا چاہئے مگر ان کو خود پر کنٹرول کرنا چاہئیے، قانون اپنا راسہ خود اختیار کرے گا۔