پرویز الہیٰ نے قبر کھود دی

7 Dec, 2022 | 01:35 PM

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حکم پر آج سے پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بچاؤ ،الیکشن کراؤ مہم کا آغاز ہونے جارہا ہے اس تحریک کا مقصد شہباز حکومت کو دباؤ میں لانا اور اس سے ذیادہ الیکشن کے لیے اپنے کارکنوں کو متحرک کرنا ہے اس تحریک کو چلانے سے پہلے بظاہر کافی سوچ و بچار سے کام لیا گیا ہے جس کے بعد اس نتیجے پر پہنچا گیا کہ اس تحریک کا مومینٹم آہستہ آہستہ بنایا جائے حلقہ با حلقہ ریلیاں نکالی جائیں جنہیں مانیٹرنگ سیل کے ذریعے مانیٹر کیا جائے تاکہ پتہ چل سکے کہ کون ایکٹیو کارکن ہے اور کون نہیں ۔

پلان بہت اچھا ہے لیکن یہاں ایک مسئلہ پاکستان تحریک انصاف کی اندرونی سیاست کا ہے جہاں کوئی میاں کسی اظہری کو اور کوئی رشیدی کسی چودھری کو برداشت نہیں کرتا ،رہی سہی کسر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے لاہور کے ترقیاتی کاموں کو بڑی بریک لگا کر اور گجرات میں اس شہر کے پیسے لگا کر پوری کردی ہے، پی ٹی آئی کے ایم پی اے اور ایم این اے بے چارے اتنے بے بس ہیں کہ اپنے حلقوں میں منہ چھپائے پھر رہے ہیں اور دوسروں کے ترقیاتی کاموں کا جھوٹا سہرا اپنے سر پر سجانے کی کوششوں میں ہیں۔

 اس کی صرف ایک مثال یہ ہے کہ میں جس علاقے مرغزار کالونی لاہور میں رہتا ہوں وہاں کی مرکزی شاہراہ پانچ سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس علاقے اور گردو نواح کی بستیوں کے لاکھوں لوگ پریشان تھے اس سوسائٹی کے صدر شہزاد چیمہ اور سیکرٹری سہیل انور رانا اور میں خود کس کس در پر اس سڑک کی تعمیر کے لیے نہیں گئے ،علاقہ ایم پی اے ندیم بارا ، ایم این اے کرامت کھوکھر ، کمشنر لاہور ،ڈی سی آفس سب جگہ سر ٹکرایا لیکن ہمیں یہ جواب دیا جاتا کہ آدھا روڈ حماد اظہر کا ہے اور آدھا کرامت کھوکھر کے حلقے میں آتا ہے ،سیوریج اور روڈ کی تعمیر پر 12 کروڑ خرچ آئے گا وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ پیسے دیتے ہیں تو سوچتے ہیں لیکن کئی ماہ کی جدو جہد کے بعد بھی جب بات ٹال مٹول سے آگے نہ بڑھی تو سوسائٹی کے صدر نے اپنی مدد آپ کے تحت کام کا آغاز کرادیا 5 کروڑ کی خطیر رقم اکھٹی کی گئی اور اب روڈ بن رہی ہے۔

 بات یہیں ختم نہیں ہوتی روڈ کی تعمیر کا آغاز ہوا تو علاقے کے ایم این اے کرامت  کھوکھر نے روڈ کا دورہ کیا اور فیس بُک پر پوسٹ لگادی کہ عمران خان کے حکم پر کرامت کھوکھر نے حلقے کے تعمراتی کاموں کا جائزہ لیا ، دن دیہاڑے سفید جھوٹ تھا اس لیے اب سوسائٹی کے مکینوں نے بینرز لگا دئیے ہیں کہ اس روڈ کی تعمیر میں حکومت یا ایم پی اے اور ایم این اے کا کوئی کردار نہیں یہ تو ایک واقعہ ہے جو میں نے یہاں بیان کردیا لیکن آج جب پہلی ریلی حماد اظہر کے حلقے میں نکالی جارہی ہے اس کی ایک روڈ جو کہ سبزا زار لیاقت چوک کی مین روڈ ہے عرصہ دو سال سے زیر تعمیر ہے ، اور یہ کیوں نہیں بن رہی وجہ صرف یہ ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نہ صرف اپنے بیانات سے پاکستان تحریک انصاف کے بیانئیے کی قبر کھود رہے ہیں بلکہ اس عملی طور پر بھی شہر میں جگہ جگہ سیاسی قبر بنا رہے ہیں صرف کفن اور دفن کی رسومات باقی ہیں ، تحریک انصاف کو کم از کم بڑے شہروں کی حد تک تو یہ قبریں تیار ملیں گی، جس کے بعد  صرف ان ریلیوں کی ناکامی کی صورت میں اسے دفنانے کا بندوبست کیا جائےگا ۔

  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نیازی کی جانب سے "الیکشن کراؤ ملک بچاؤ " ریلیاں کسی بڑے ایمپیکٹ کو جنم نہیں دے پائیں گی سیاسی یو ٹیوبرز سے خان صاحب باہر نکلیں تو سوچیں کہ یہ مشورہ دینے والے شائد اس وقت زمینی حقائق  سے واقف نہیں ہیں ان یو ٹیوبرز نے عمران خان کے چند ساتھیوں کے اشارے پر شہباز حکومت 27 کلومیٹر پر محیط کا ٹرینڈ بنایا تو اس کا صاف مطلب تھا کہ پنجاب میں نہ ہونے والے ترقیاتی کاموں کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی بنائی حکومت ہے عوام مہنگائی اور عدم تحفظ جیسے مسائل سے دوچار ہیں بڑے شہروں میں جرائم کراچی سے بھی ذیادہ ہوگئے ہیں دن دیہاڑے لوگ لُٹ رہے ہیں اور پنجاب حکومت سی سی پی او غلام ڈوگر کو بچانے میں لگی ہے ۔

حلقہ جاتی سروے کرالیں ہر کوئی کرپشن اور ٹھیکوں اور تعیناتیوں میں کھائے جانے والے پیسوں کا ذکر کرتا نظر آئے گا ،ترقیاتی فنڈ صرف منڈی بہاوالدین اور گجرات میں خرچ کیا جارہا ہے جو پی ٹی آئی کی نہیں چودھری برادران کے حلقہ جات ہیں ، اس لیے وثوق سے بات کہی جارہی ہے کہ تحریک انصاف ان ریلیوں سے وہ مقاصد حاصل نہیں کر پائے گی جو وہ حاصل کرنا چاہتی ہے ،گیارہ دنوں میں گیارہ ریلیاں نکالی جائیں گی آپسی اختلافات کے ساتھ پنجاب حکومت کی "دوستی" ان ریلوں کو ناکام کرنے کے لیے کافی ہوں گی ٹریفک گیارہ دن مختلف شہر کے علاقوں میں جام رہے گی تو کیا لوگ پی ٹی آئی کو دعائیں دیں گے ؟ یہ بد دعائیں اور تعمیراتی کاموں کی کوتاہی الیکشن کی قبر تک پی ٹی آئی کا پیچھا کریں گی۔ مونس الہیٰ پٹھہ پرویز الہیٰ اور عمران ریاض پٹھہ عمران خان میں ٹوئیٹر پر جو لفظوں کی جنگ جاری ہے اس کے نتائج کو اگر اب بھی نہ سمجھیں تو سمجھ جائیں آپ اناڑی ہیں-

مزیدخبریں