(ویب ڈیسک)مچھلی ایسے غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہےجو ہر عمر کے افراد کے لیے انتہائی ضروری تصور کیے جاتے ہیں۔ ان غذائی اجزاء میں اعلیٰ معیاری پروٹین، آیوڈین، سلینیم اور زنک جیسے اجزاء مشہور ہیں۔
دیگر روز مرہ غذاؤں کے مقابلے مچھلی میں پائے جانے والے زیادہ سے زیادہ وٹامن D اور وٹامن B12 ہڈیوں اور دماغی صحت کے لیے ضروری ہیں تاہم اس غذا کی سب سے اہم خاصیت اومیگا 3 فیٹی ایسڈ کی موجودگی ہے۔مچھلی سے بہت سے فوائد ہیں لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے تازہ مچھلی کی پہچان کیسے کی جائے؟
پریشان مت ہوں ہم آپ کو بتاتے ہیں تازہ مچھلی کی پہچان کیسے کی جائے؟اکثر افراد کو مچھلی کی بو پسند نہیں ہوتی مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ اس بات کو یقینی بنانے کا بہترین طریقہ ہے کہ آپ جو مچھلی کھارہے ہیں وہ تازہ ہے یا نہیں۔
ایک بات ذہن میں رکھیں اچھی مچھلی کی بو زیادہ بری نہیں ہوتی بلکہ معتدل ہوتی ہے، اگر بری بو آرہی ہے تو یہ نشانی ہے کہ یہ مچھلی باسی ہے یا کیمیکلز سے محفوظ کی گئی ہے، ایسی بو اکثر اسے پکانے کے بعد بھی برقرار رہنے کا امکان ہوتا ہے۔
تازہ مچھلی کی آنکھیں کلیئر، چمکدار اور پوری ہوتی ہیں جبکہ ان میں دھندلا پن اس چیز کی علامت ہے کہ اسے وہاں رکھے بہت دیر ہوچکی ہے اور وہ باسی یا خراب ہے۔تازہ مچھلی کو جب انگلی سے جسم کو دبایا جائے تو اندر جانے والا حصہ اسپرنگ کی طرح واپس اصل شکل میں آجاتا ہے جبکہ جلد بھی ڈھیلی نہیں ہوتی۔اس کے مقابلے میں باسی مچھلی کی رنگت مدھم ہوتی ہے اور گوشت نرم اور پلپلا ہوتا ہے۔
یہ بھی یقینی بنائیں کہ تازہ مچھلی کے گوشت کا رنگ شوخ گلابی رنگ کا ہوتا ہے اور اس کے ٹکڑے کرتے ہوئے خون بھی خارج ہوتا ہے۔
مچھلی خریدنے کے بعد آپ اس کو نمک ،لیموں اور اجوائن لگا کر تھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں جب تمام پانی نکل جائے تب اس کو دھو لیں اب اس پر مصالحے لگا کر تقریباً چوبیس گھنٹوں کے لئے فریزر میں رکھ دیں تاکہ مصالحہ اچھی طرح مچھلی میں جذب ہو جائے اس طرح مچھلی کا ذائقہ دوبالا ہو جائے گا۔