فاران یامین: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے جنوبی پنجاب میں پنجاب کا تمام فنڈز لگانے کا شکوہ کردیا، وہیں پشاور بی آر ٹی کی آزاد تحقیقات کی بھی حمایت کردی۔
لاہور میں پی سی ایس آئی آر لیبارٹری میں آئی ایس ایف کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری اپوزیشن پر خوب برسے، انہوں نے کہا کہ مائنس عمران کرنے والوں کو قیادت کی تلاش ہے، نواز، شہباز اور اب مریم مائنس ہونے جارہی ہیں۔
فواد چوہدری نے پشاور بی آر ٹی میں کرپشن کی تحقیقات کے سوال کے جواب میں کہا کہ تحقیقات کے طریقہ کار اور کسی شخص پر اعتراض ہو سکتا ہے مگر احتساب پر نہیں، پشاور بی آر ٹی منصوبے پر تحقیقات ہونی چاہیئے۔
فواد چوہدری الیکشن کمیشن کے معاملے پر بولے کہ اگر شہباز شریف کے ہونے والے حالیہ انکشافات آڑے نہ آئے تو معاملہ حل ہو جائے گا، انہوں نے آصف زرداری کو بھی ریلیف دینے کی حمایت کی۔ فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران پنجاب کے سارے پیسے جنوبی پنجاب پر خرچ کرنے کا شکوہ بھی کیا اور بولے کی ہر ضلع کو اس کا حق ملنا چاہیئے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سیاست دانوں پر بات ہوسکتی ہے مگر فوج اور عدلیہ پر نہیں، آرمی چیف کا معاملہ سیاست سے بالاتر ہے، ان کی مدت ملازمت پر سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو نہیں کہہ سکتی کہ قانون سازی کرے۔ پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے ماتحت نہیں ہے۔