(زاہد چوہدری) شیخ زید ہسپتال میں ہاسٹل سے ڈاکٹرز کو نکالنے کے اقدام سمیت مطالبات تسلیم نہ ہونے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس سراپا احتجاج، آوٹ ڈور میں ہڑتال، مریض علاج کیلئے خوار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ خلیفہ بن زید میڈیکل کالج کی عمارت اور ہاسٹل نہ ہونے سے ہسپتال کے ہاسٹل میں گنجائش انتہائی کم ہوگئی ہے۔ لیڈی ڈاکٹرز کو ہاسٹل سے نکال کر فرسٹ ایئر کی طالبات کو اکاموڈیٹ کرنے پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاج کیا جب کہ پیرامیڈیکس بھی سروس سٹرکچر پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف احتجاج میں شامل ہوگئے۔
ڈاکٹرز اور عملے نے آوٹ ڈور میں مکمل ہڑتال کی جس کی وجہ سے علاج معالجے کے لیے آئے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس ایڈمن بلاک کے سامنے جمع ہوئے اور ڈاکٹرز کو ہاسٹل سے نکالنے کا حکم واپس لینے سمیت ہسپتال کی سکیورٹی بہتر بنانے اور ڈاکٹرز کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
پیرامیڈیکس کی جانب سے سروس سٹرکچر پر عملدرآمد اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کا کہنا تھا کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہونگے احتجاج جاری رہے گا۔
لاہور میں اور کیا کچھ ہو رہا ہے ؟ جاننے کیلئے لنک پر کلک کریں