(قذافی بٹ): پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کینٹینر ایک بار پھر تیار کر لیا گیا۔ طاہر القادری نے کارکنوں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا۔ کینٹینر کو عوامی تحریک کے مرکزی دفتر کے باہر کھڑا کر دیا گیا۔
عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ معاملہ چونکہ لاہور سے تعلق رکھتا ہے۔ اس لئے کینٹینر بھی لاہور میں ہی رہے گا۔ ان کی منزل رائے ونڈ ہوگی یا ماڈل ٹاؤن فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ طاہرالقادری نے 10 دسمبر کو عمرہ کے لئے سعودی عرب جانے کا پلان بھی منسوخ کر دیا۔
علاوہ ازیں ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ ساز نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔ انہیں سزا بھی ہوگی۔ جیل جائیں گے اور انہیں پھانسی بھی ہوگی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن نے رپورٹ کا تعین کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کو فوری گرفتار کیا جائے۔ جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ نے شہبازشریف کو سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دے دیا۔ ماڈل ٹاؤن میں قاتل عام کی پلاننگ نوازشریف، شہباز شریف اور رانا ثنااللہ نے کی۔ رپورٹ انہیں مجرم ثابت کرنے اور سزا دلانے کے لئے مضبوط شہادت ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ رپورٹ میں واضح لکھا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹربیونل کو کسی بھی پولیس والے نے نہیں بتایا کہ گولی چلانے کا حکم کس نے دیا۔ پولیس کو لاشیں گرانے کا جو ٹاسک دے کر بھیجا گیا تو وہ اس نے پورا کیا۔