ارشاد قریشی: کمشنر آفس راولپنڈی میں جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے مابین مذاکرات کا چوتھا دور مکمل ہو گیا، جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے مابین معاملات طے پانے کا امکان ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کمیٹی روم میں دوبارہ جاتے ہوئے فائل لہراتے ہوئے مسکرا کر مثبت اشارہ کیا۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم اور جماعت اسلامی کے درمیان کمشنر آفس راولپنڈی میں مذاکرات کا چوتھا دور مکمل ہوا، حکومتی ٹیم میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ سمیت آر پی او راولپنڈی اور کمشنر راولپنڈی بھی موجود تھے۔
جماعت اسلامی کا وفد لیاقت بلوچ کی قیادت میں کمشنر آفس راولپنڈی پہنچا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی و وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت حکومتی وفد نے خود کمشنر آفس سے باہر آکر جماعت اسلامی کے وفد کو خوش آمدید کہا، وفاقی حکومت کا وفد اور جماعت اسلامی کا وفد کمشنر آفس راولپنڈی کے کمیٹی روم میں بیٹھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں 15منٹ وقفہ ہوا، جماعت اسلامی نے اپنے حتمی مطالبات حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو پیش کئے، جماعت اسلامی کمیٹی نے مؤقف اپنایا کہ کسی صورت مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومتی وزراء نے درخواست کی کہ تھوڑی سی لچک دکھائی جائے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی نے ایک دوسرے کو 15منٹ سوچنے کا ٹائم دیا، اس دوران حکومتی کمیٹی وزیر اور جماعت اسلامی کی کمیٹی سمیت جماعت اسلامی سے مشاورت کی، حکومتی کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز پر جماعت اسلامی لچک دکھائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 منت کے وقفے کے بعد حکومتی وفد دوبارہ جماعت اسلامی کے وفد کے پاس پہنچا، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کمیٹی روم میں جاتے ہوئے فائل لہراتے ہوئے مسکرا کر اشارہ کیا، حکومت ٹیم نے ڈرافٹ جماعت اسلامی کے سامنے پیش کیا، مسودہ پیش کرنے سے قبل مسودہ میں 2 بار ترامیم کی گئی، مذاکرات کا چوتھا دور مکمل ہونے کے بعد لیاقت بلوچ نے میڈیا ٹاک بھی کی۔