سٹی42: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے نو مئی 2023 کے پر تشدد حملوں پر ایک بار پھر غیر مشروط معافی مانگنے کی بجائے کہہ دیا کہ پہلے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز لائی جائیں، اگرپی ٹی آئی کے لوگ 9 مئی واقعات میں ملوث پائے گئے تو معافی مانگوں گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے مشروط معافی مانگنے کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پہلے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز لائی جائیں، اگرپی ٹی آئی کے لوگ 9 مئی واقعات میں ملوث پائے گئے تو معافی مانگوں گا۔اگرپی ٹی آئی کے لوگ ملوث پائے گئے ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔
صحافیو ں کے سوالات کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں ہماری اکثریت تسلیم کرنے تک حکومت یا فوج سے کوئی تصفیہ نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی کے بانی نے کہا کہ مجھے رینجرز نے گھسیٹا، کیا آپ کا حق نہیں آپ مجھ سے معافی مانگیں۔ کیا عزت صرف آئی ایس پی آر کی ہے۔ پاکستان اور عالمی سطح پر مقبول ترین شخص کی کوئی عزت نہیں۔