سٹی42 : صدر آصف علی زرداری نے جعلی خبروں ، غلط معلومات کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ حقائق کی جانچ پڑتال ، معلومات کی تصدیق کا کلچر فروغ دینا ہوگا۔
صدر آصف علی زرداری نے یہ باتیں پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی پیمرا کے چیئرمین محمد سلیم سے ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران کہیں۔
چیئرمین پیمرا نےصدر ِ مملکت کو پیمرا رپورٹ 2021-23 پیش کی۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ میڈیا معاشرے میں رواداری، اتحاد اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں کردار ادا کرے اور صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھے۔ صدرِ آصف زرداری نے کہا کہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی وجہ سے ہمیں نئے چیلنج درپیش ہیں۔ میڈیا رائے عامہ کی تشکیل میں ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرے ۔ غلط معلومات ، پروپیگنڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہیے ۔
صدر آصف زرداری نے جدید ٹیکنالوجی اپنا کر باصلاحیت انسانی وسائل کی مدد سے پیمرا کی استعدادِ کار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ملک کا بہتر تشخص ، سماجی و اقتصادی مسائل بارے شعور اجاگر کرے ۔
چیئرمین پیمرا نے صدر مملکت کو میڈیا منظرنامے کی ریگولیشن اور ترقی میں پیمرا کے کردار اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے پیمرا کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی حمایت اور سرپرستی کا اعادہ کیا ۔