ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے عالیہ حمزہ کو 29 اگست تک کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا ، عدالت نے قرار دیا ہے کہ کوئی بھی ایجنسی عالیہ حمزہ کو ہائیکورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کرے گی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے سابق رکن قومی اسمبلی کے شوہر حمزہ ملک کی درخواست پر سماعت پر کی۔ جس میں اہلیہ عالیہ حمزہ کو کسی نئے مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے اور اسے رہا کرنے کی استدعا کی ہے۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اس وقت عالیہ حمزہ کیخلاف دو مقدمات ہیں۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ رپورٹ پیش کرنے کیلئے وقت دیا جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کر لی اور مہلت دے دی۔ درخواستگزارکےوکیل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے کہا عالیہ حمزہ کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور ہوچکی ہے، اس وقت گوجرانولہ جیل کے باہر عالیہ حمزہ کو گرفتار کرنے کیلئے بلوچستان پولیس موجود ہے ، خدشہ ہے کہ اب وہ عالیہ حمزہ کو گرفتار کرلے گی ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی ۔ کیس کی سماعت کے بعد سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو بھی کی ۔