اسلام آباد میں تحریک انصاف کا جلسہ، لاہورپنجاب کی نمائندگی کرے گا

7 Aug, 2024 | 12:57 PM

عثمان خادم،ملک اشرف: پاکستان تحریک انصاف کا22اگست کواسلام آباد میں جلسے کا معاملہ، اسلام آباد جلسےمیں لاہورپنجاب کی نمائندگی کرے گا۔

قیادت کا ہدایت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ   لاہور کے اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز  کے ہمراہ  کارکنان کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کریں،  اراکین اسمبلی کارکنان کوجلسےسے24گھنٹےقبل اسلام آباد پہنچائیں۔

اُن کا ہدایت  دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ کارکنان قافلوں کےبجائے الگ الگ اسلام آبادپہنچیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت کیلئے دوبارہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست دینے کی ہدایت کردی،عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو قانون کے مطابق نئی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی کی لاہور مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقرنجفی نے پی ٹی آئی رہنما اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی،سرکاری وکیل نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی،رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 14اگست قومی تہوار، مینار پاکستان پر عوام کا رش ہوتا ہے، متعلقہ پولیس سٹیشنز نے اجازت نہیں دی،پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کو بھی 14اگست کو جلسے کی اجازت نہیں ملی

سرکاری وکیل نے کہاکہ اگر یہ مینار پاکستان کے علاوہ کسی اور جگہ کا انتخاب کریں تو پھر اجازت دے دیں گے،یہ ڈپٹی کمشنر کو نئی درخواست دیں شام تک فیصلہ کر دیں گے،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شام تک درخواست خارج کر دیں گے؟سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ نہیں سر!فیصلہ کریں گے،عدالت نے کہاکہ یہ بتائیں! کیا پنجاب میں 14اگست کو کہیں بھی پروگرام کی اجازت نہیں دی گئی؟سرکاری وکیل نے کہاکہ امن و امان کا مسئلہ ہے ابھی تک پورے صوبےمیں کہیں اجازت نہیں دی گئی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ کیا کوئی جشن نہیں ہوگا؟سرکاری وکیل نے کہاکہ صرف سرکاری سطح پر جشن ہوگا، لاہور میں گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنما کو گولیاں مار کرقتل کیا گیا،جسٹس علی باقر نجفی نے کہاکہ وہ تو خاندانی رنجش کا نتیجہ تھا،سرکاری وکیل نے کہا کہ سر!یہ سکیورٹی کا مسئلہ تو ہے ناں،سرکاری وکیل کے دلائل پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے،وکیل درخواست گزار نے کہاہم نے صوابی جلسہ کیا، پورے پاکستان  سے لاکھوں لوگ آئے،کہیں امن وامان کا مسئلہ نہیں ہوا، عدالت نے کہاکہ شاید اس لئے کہ وہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ جلسے کی جگہ تبدیل کرلیتے ہیں،عدالت نے پی ٹی آئی وکیل سے استفسار کیا کہ انتظامیہ دوسری جگہ جلسے کی اجازت دیتی ہے ہے تو پھر؟وکیل درخواست گزار نے کہاکہ بالکل درست ہے، ہم ناصر باغ، موچی گیٹ پر جلسہ کرلیتے ہیں،ہم جلسے کی تاریخ بھی 13اگست کو کر لیتے ہیں،سرکاری وکیل نے کہاکہ مختلف مائنڈسیٹ کے لوگ مینار پاکستان کادورہ کرتے ہیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کو درخواست دوبارہ ڈپٹی کمشنر کو دینے کی ہدایت کردی،عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو قانون کے مطابق نئی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں