ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مزید 250 مقامات پر مفت وائی فائی سروس شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں فری وائی فائی پراجیکٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔مریم نواز کے ہدایت پر "سی ایم مریم نواز فری وائی فائی" کا لاہور اور قصور کے بعد اب ننکانہ صاحب میں بھی آغاز کردیا گیا، ننکانہ صاحب میں پہلے فیز میں پانچ مقامات پر سیف سٹی فری وائی فعال کردیا گیا۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ننکانہ صاحب میں مسجد چوک، تحصیل موڑ چوک، کچہری پھاٹک، ریلوے سٹیشن اور ریلوے کالونی کے پوائنٹس پر فری وائی فائی سروس شروع کی گئی ہے، ننکانہ صاحب میں 25 ہزار سے زائد شہری سی ایم مریم نواز فری وائی فائی سروس سے مستفید ہو چکے ہیں، چار ہفتے میں فری وائی فائی پراجیکٹ سے ننکانہ کے شہریوں نے 250 جی بی ڈیٹا استعمال کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قصور میں 10 مقامات پر فری وائی سروس عوام کے لئے دستیاب ہے، قصور میں فری وائی فائی ڈی ایچ کیو ہسپتال، ویمن کالج، نیو بس ٹرمینل، ریلوے سٹیشن، ماڈل بازار، ڈی سی آفس، نیشنل بینک چوک سمیت دیگر مقامات پر میسر ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں 250 اور قصور میں مزید 20 پوائنٹس پر فری وائی فائی سروس شروع ہو گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں 50 لاکھ سے زائد شہریوں کا مفت انٹرنیٹ سروس سے استفادہ کرنا کامیابی کا ثبوت ہے، سیف سٹیز بہت جلد راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی فعال کریں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سال کے آخر تک 18 شہروں میں سیف سٹی اتھارٹی قائم کردی جائے گی، خواتین اور طالبات بھی سی ایم مریم نواز فری وائی فائی سروس سے ہنگامی صورتحال میں مدد حاصل کر سکیں گی۔