سٹی42: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات کے اجلاس میں بڑے فیصلے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023 واپس لینے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ پیمرا کے پرانے سیاہ قانون کو ختم کرنا چاہتے تھے،4 سال اپوزیشن میں رہتے ہوئے میڈیا کے ساتھ کام کیا،مخلصانہ سوچ اور بڑی محنت سے یہ بل تیار کیا تھا،بعض شقوں کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات کا احترام کرتے ہیں،آئینی و جمہوری سوچ پر کوئی سمجھوتہ نہ کبھی کیا ہے اور نہ ہی کبھی کر سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیا، اظہار رائے اور شہری آزادیوں کے آئینی حق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،جبر، آمریت اور فسطائیت کے خلاف میڈیا کے ساتھ مل کر ہمیشہ جدوجہد کی،ایسا کوئی اقدام نہیں کر سکتے جس سے یہ تاثر پیدا ہو کہ ہمیں میڈیا کی آزادی عزیز نہیں،میڈیا کی نمائندہ تنظیمیں اور تمام سٹیک ہولڈرز پہلے دن سے مشاورت اور بل کی تیاری کا حصہ رہے، پہلے دن سے یہی کہا تھا کہ متفقہ طور پر ہی بل منظور کرائیں گے۔