(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے یکم محرم کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا، تعطیل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چاند کے اعلان سے مشروط ہوگی۔
ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں یکم محرم الحرام کو عام تعطیل ہوگی، یکم محرم الحرام 10 اگست کو متوقع ہے تاہم اعلامیہ میں اس تاریخ کو رویت ہلال کمیٹی کے اعلان سے مشروط کیا گیا۔
دوسری جانب یکم محرم الحرام سے 13 محرم الحرام تک تمام صوبوں اور اسلام آباد میں دہشتگردی کے خطرات اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔محرم الحرام میں حساس علاقوں میں فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کے دوران قیام امن کیلئے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے،اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نو اور دس محرم الحرام کو لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی، محکمہ داخلہ نے موبائل فون سروس کی بندش کیلئے آئی جی آفس سے حساس شہروں کے تفصیلات مانگ لی ہیں۔