(کومل اسلم) موسم کے تیور پھر بدلنے لگے، باغوں کے شہر لاہور کا مطلع ابر آلود، آسمان پر سورج کیساتھ بادلوں کے ڈیرے، محکمہ موسمیات نے شام کے اوقات میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آج آنکھ مچولی جاری ہے، صبح کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد اور ہوا 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، دن بھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات میں تیز ہوا کیساتھ بادل برسنے کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا تیسرا سپیل 10 اگست سے لاہور میں داخل ہوگا، شام کے اوقات میں بادل برسنے سے گرمی کی شدت میں کمی آجائے گی۔
دوسری جانب واسا نے شہر میں بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لئے میگا پلان پر کام شروع کردیا ، واسا نے آٹھ مزید واٹر سٹوریج ٹینکس جبکہ فیروز پور روڈ پر نیا ٹرنک سیور ڈالنے کے لئے 3 ارب 50 کروڑ مانگ لئے ہیں اور سمری محکمہ ہاؤسنگ کے توسط سے وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لئے ارسال کردی۔
ذرائع کے مطابق 59 کروڑ 47 لاکھ کی لاگت سے تاجپورہ میں دو واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے، کریم پارک، ریلوے اسٹیشن، کوپر روڈ، وارث روڈ، رسول پارک اور فروٹ منڈی اقبال ٹاؤن میں واٹر ٹینکس بنیں گے۔