17اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ،شرح15.79فیصد تک پہنچ گئی

7 Aug, 2021 | 10:59 AM

Ibrar Ahmad

ویب  ڈیسک : ملک میں مہنگائی برقرار ہے جبکہ ہفتہ وارشرح میں0.12 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مہنگائی کی شرح15.79فیصد تک پہنچ گئی ۔

ادارہ شماریات کی  رپورٹ کے مطابق 17 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کیلئے مہنگائی کی شرح15.79فیصد تک پہنچ گئی جبکہ 17سے22ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کیلئے شرح12.39 فیصد ریکارڈ کی گئی۔  مہنگائی کی مجموعی شرح 12.40کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔  ایک ہفتے کے دوران17اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اگست میں ایل پی جی،پیٹرولیم مصنوعات،دالوں، گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔  ایک ہفتے کے دوران آٹا،لہسن،خشک دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں، ایل پی جی کے گھریلو سلینڈر کی قیمت میں 72 روپے 28 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد 11.67 کلو گرام کی قیمت 2 ہزار 41 روپے تک پہنچ گئی۔ رواں ہفتے لہسن کی فی کلو قیمت میں10روپےکا اضافہ ہوا، ال مسور کی قیمت میں95 پیسے ، ڈھائی کلو گھی کا ٹین 20روپے مہنگا ہوا جبکہ جولائی کے آخری ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے11 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 12روپے تک کم ہوئی جبکہ جولائی کے آخری ہفتے میں23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 دوسری جانب  برائلر مرغی کے گوشت کے ریٹ میں ایک روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ۔برائلر مرغی کا گوشت 186 روپے سے بڑھا کر 187 روپے فی کلو ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ برائلر مرغی کا ہول سیل ریٹ 121 روپے جبکہ پرچون ریٹ 129 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے۔ فارمی انڈوں کی قیمت 147 روپے فی درجن مقررجبکہ انڈوں کی پیٹی کا ریٹ 4 ہزار 290 روپے مقرر کردیا گیا  ہے۔

مزیدخبریں