کامران اکمل مظفر آباد سٹیڈیم کی خوبصورتی کے گرویدہ ہو گئے

7 Aug, 2021 | 10:30 AM

Sughra Afzal

نشتر پارک ( حافظ شہباز علی) پاکستان کے مایا ناز وکٹ کیپر کامران اکمل مظفرآباد سٹیڈیم کی خوبصورتی کے گرویدہ ہو گئے۔ 

کشمیر پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے، رنگارنگ تقریب میں پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، بھارتی دھمکیوں، شازشوں کے باوجود کشمیر میں کرکٹ کا میلہ سج گیا ہے، بھارت کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دھمکایا گیا اور ایونٹ میں شرکت کرنے سے منع کیا گیا، بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کا دروزاہ بھی کھٹکایا مگر وہاں سے بھی بھارت کو منہ کی کھانا پڑ ی، انگلینڈ کے سابق اسپنر مونٹی پنیسر کشمیر پریمیئر لیگ سے دستبردار ہوگئے مگر ہرشل گبز ایونٹ میں شریک ہوئے۔

 لیگ کے افتتاحی میچ میں راولاکوٹ ہاکس اور میرپور رائلز کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں، ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی اور شعیب ملک سمیت متعدد اسٹارز ایکشن میں دکھائی دیئے، کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی سیزن میں 6 ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے 5 ٹیمیں آزاد کشمیر کی ہیں جبکہ چھٹی ٹیم باہر کے علاقے سے ہے، تمام میچز مظفر آباد سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، 30 فیصد شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی گئی۔ 

کامران اکمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد سٹیڈیم کا وینیو خوبصورت ترین وینیو ہے، میں پہلی بار کرکٹ کھیلنے مظفرآباد آیا ہوں، مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم سائوتھ افریقا اور ویسٹ انڈیز کے سٹیڈیم سے بھی خوبصورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد سٹیڈیم چاروں طرف پہاڑوں میں گھیرا ہوا ہے جو اپنی مثال آپ ہے،جب اس سٹیڈیم کے لائیو مناظر جائیں گے تو دنیا دیکھے گی۔ 

انہوں نے کہاکہ کے پی ایل کی مینجمنٹ مبارک باد کی مستحق ہے جنہوں نے یہ زبردست لیگ آرگنائیز کی، یہ لیگ کشمیری نوجوانوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے، ہم کرکٹ ذریعے اس لیگ کو کامیاب بنائیں گے۔ 

مزیدخبریں