نیب نے مریم نواز سے رسیدیں مانگ لیں

7 Aug, 2020 | 02:13 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: نیب نے  مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز سے 1440 کنال اراضی کی رسیدیں مانگ لیں۔

نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق مریم نواز کو تمام دستاویزات 11 اگست کو ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے اور ساتھ ہی اراضی سے متعلق تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز سے پوچھا گیا ہے کہ زمین خریدنے کے لیے رقم کہاں سے آئی، دریافت کیا گیا ہے کہ اراضی کی خریداری پر کتنا ٹیکس اور کتنی ڈیوٹی دی،1400 کنال میں سے اگر کوئی زمین فروخت کی گئی ہے تو اس کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، بتایا جائے کہ حاصل کی گئی زمین کس مقصد کےلیے استعمال کی جارہی ہے، بتایا جائے مذکورہ زمین کمرشل استعمال یا پھر زرعی کاشت کےلیے استعمال کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز پر رائے ونڈ میں خلاف قانون اراضی انتہائی سستے داموں خریدنے کا الزام ہے، شریف خاندان کی جانب سے 2013 میں 3568 کنال اراضی خلاف قانون خریدی گئی اور  سب سے زیادہ زمین نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم بی بی کے نام منتقل ہوئی جو 1936 کنال تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے نام 12 ،12 ایکڑ زمین منتقل ہوئی اور زمین منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا جب کہ  2015 میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے توسط لاہور کا ماسٹر پلان تبدیل کروایا گیا جس کے تحت شریف فیملی کی زمین کے ارد گرد تمام رقبے کو گرین لینڈ قرار دے دیا گیا جو شریف فیملی کی اراضی کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لیے کیا گیا۔

یاد رہے نیب نے مریم نواز کو 11 اگست کو طلب کررکھا ہے، قومی احتساب بیورو ( نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے نام طلبی کا مراسلہ جاری کرتے ہوئے200 ایکڑاراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام کروانے پر جواب  کے لئے 11 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

مزیدخبریں