جہانگیر ترین کی شوگر مل پنجاب حکومت سے ہاتھ کرگئی

7 Aug, 2020 | 01:38 PM

Shazia Bashir

ریحان گل: جہانگیر ترین کی شوگر مل پنجاب حکومت سے ہاتھ کر گئی، غیر قانونی طور پر کرشنگ کی استعداد بڑھانے کا انکشاف، جے ڈی ڈبلیو شوگر مل نے غیر قانونی طور پر منظورشدہ تعداد سے کئی گنا زیادہ کرشنگ کی۔

 

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی شوگر ملز سے متعلق حالیہ رپورٹ میں جہانگیر ترین کی شوگر مل جے ڈی ڈبلیو کی جانب سے کی گئی دھوکہ دہی کا انکشاف کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین کی شوگر مل جے ڈی ڈبلیو نے دوبار کرشنگ استعداد میں غیر قانونی طور پر اضافہ کیا۔

  پنجاب حکومت کی پابندی کے باوجود اضافی مشینری لگائی گئی اورغیرقانونی طور پرنئی شوگر مل کے برابر کرشنگ استعداد بڑھائی گئی،  پہلی بار 4 ہزار ٹن سے 7 ہزار ٹن تک غیر قانونی اضافہ کیا گیا جبکہ دوسری بار 7 ہزار ٹن سے 26 ہزار ٹن تک غیر قانونی اضافہ کیا گیا۔  اضافی مشینری اور کرشنگ استعداد بڑھانے کے متعلق حکومت سے جھوٹ بولا گیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پہلے اضافے کی قانونی سکروٹنی شروع کردی ہے جبکہ دوسرے اضافے پر جے ڈی ڈبلیو کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ تیس دن کے اندر اضافی مشینری بند کی جائے، غیر قانونی کرشنگ کی مقدار کو قانون کے مطابق لایا جائے اور ان ہدایات پر عملدرآمد رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوائی جائے۔

مزیدخبریں