( نبیل ملک) شوکت خانم ہسپتال کے پچیس سال مکمل ھونے پر محکمہ ڈاک کی جانب سے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا گیا، تقریب کا احوال جانتے ھیں۔
شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے پچیس سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کینسر سے صحت یاب ہونے والے مریض بچوں نے ڈاک کے نئے ٹکٹ کی رونمائی کی۔ تقریب میں پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس سمیت پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل پنجاب سرکل رانا حسن اخت، قائم مقام سی ای او شوکت خانم ڈاکٹرعاصم یوسف سمیت ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے نے شرکت کی ۔ میڈیا سے اپنی گفتگو کےدوران پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس نے بتایا کہ محکمہ ڈاک کو شوکت خانم ہسپتال کے پچیس سال مکمل ہونے پر بے حد خوشی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت خانم ہسپتال کے قائم مقام سی ای او ڈاکٹر عاصم یوسف نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ نے گزشتہ پچیس سالوں کے دوران دل کھول کر مستحق مریضوں کا مفت علاج کیا۔
محکمہ ڈاک کی جانب سے تقریب کے شرکاء کومزید بتایا گیا کہ شوکت خانم ہسپتال کے پچیس سال مکمل ہونے پر جاری کردہ خصوصی ٹکٹوں کی تعداد دو لاکھ ہے، فی ٹکٹ کی قیمت بیس روپے ہے جو جمعہ سات اگست دو ہزار بیس سے ملک بھر کے پوسٹ آفسز پر دستیاب ہوں گی جبکہ یہ یادگاری ٹکٹس محکمہ ڈاک کی سرکاری ویب سائیٹ سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
شوکت خانم ہسپتال کو 25 سال مکمل, خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری
7 Aug, 2020 | 12:01 AM