فوڈ اتھارٹی کا جعلی کولڈ ڈرنکس تیار اور سپلائی کرنیوالوں کے خلاف گرینڈ آپریشن

7 Apr, 2024 | 02:46 PM

میاں کلیم اختر :  فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جعلی کولڈ ڈرنکس تیار اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا ۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشن صحت مند پنجاب کو عملی جامہ پہناتے ہوئے فوڈ اتھارٹی کی عوام دشمنوں کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ 

 فوڈ اتھارٹی نے گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے عید الفطر پر فروخت کے لیے تیار کی جانے والی 1لاکھ 71ہزار 767 لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس تلف کردیں، اس کے علاوہ 419 بیورجز پلانٹس، گوداموں کی چیکنگ کی گئی، جہاں 99 گوداموں کو 24 لاکھ 81 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، 10 مقدمات درج کرتے ہوئے 4 یونٹس بند کردیے گئے۔ 

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد کر کے تلف کی گئیں، جعلی کولڈ ڈرنکس پر بارکوڈ، ایڈریس بھی غلط لکھ کر فروخت کی جانی تھی، سپلائی کی جانے بوتلوں کا فروخت ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا۔ مکروہ دھندے کا تیار شدہ تمام سٹاک ضبط کر کے تلف کر دیا گیا ، جعلی بوتلوں کو گندے پانی میں ناقص کھلے رنگ اور کیمیکلز ڈال کرتیار کیا گیا تھا۔ مضر صحت بوتلوں کو معروف برانڈز کی اصل جیسی نقلی پیکنگ لگا کر سپلائی کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ 

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جعلی ڈرنکس گردوں ہڈیوں اور پیٹ کے امراض کا سبب بن سکتی ہیں۔ پنجاب کے باسیوں تک محفوظ خوراک کی رسائی کے لیے انتھک کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزیر خوراک پنجاب کے احکامات کے مطابق معمول کی چیکنگ کیساتھ جعلساز مافیا کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔ 

مزیدخبریں